گیا:گیا میونسپل کارپوریشن کے وارڈ کاؤنسلرز نے بی جے پی رکن اسمبلی اور بہار حکومت کے وزیر کے متنازع بیان پر زبردست برہمی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ رکن اسمبلی ڈاکٹر پریم کمار نے چند روز قبل ایک بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے میونسپل کارپوریشن میں غلط لوگ آگئے ہیں۔
ڈپٹی میئر چنتا دیوی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ رکن اسمبلی نے میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر سمیت سبھی 53 وارڈ کے کونسلروں کے ساتھ گیا کے عوام کی توہین کی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے عوامی نمائندے اس توہین کو ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔ رکن اسمبلی کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم رکن اسمبلی کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ رکن اسمبلی کو غلط بیان بازی کا خیمازہ بھگتنا پڑ سکتا ہے۔
ڈپٹی میئر چنتا دیوی اتنے پرہی خاموش نہیں ہوئیں بلکہ اُنہوں نے کارپوریشن کی میٹنگ میں کہا کہ اگر وہ شہر میں کہیں پایا جائے'ڈاکٹر پریم کمار تو اسے اسی جگہ لہرا (جلا) دیا جائے گا۔ ڈپٹی میئر چنتا دیوی کی یہ باتیں سنکر وہاں موجود میئر گنیش پاسوان، سابق ڈپٹی میئر موہن شریواستو سمیت کاؤنسلروں نے پوری طاقت کے ساتھ میز پیٹ کر ان کی حمایت کی۔