گیا: ضلع گیا میں محرم کو پرامن ماحول میں اختتام کرانے کے لیے ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ سب ڈویژن سے لے کر تھانہ سطح اور ضلع سطح پر امن کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوئی ہیں۔ ماضی میں جن مقامات پر تنازع ہوا تھا وہاں پر پولیس کی خصوصی نگاہ رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ اس بار ڈرون کیمروں سے بھی جلوس پر نگاہ رکھی جائے گی۔ کلکٹریٹ میں ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم اور ایس ایس پی آشیش بھارتی کی مشترکہ صدارت میں محرم کو پرامن اور ہم آہنگی ماحول میں منانے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے امن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ جس میں افسران سمیت امن کمیٹی کے ممبران سیاسی وسماجی رہنماؤں کی شرکت ہوئی اور سبھی نے اپنے علاقوں میں ہونے والی تیاریوں سے آگاہ کیا۔
میٹنگ میں ڈی ایم نے کہا کہ جس طرح رام نومی اور بقرعید تہواروں کے دوران امن و امان کو برقرار رکھا گیا تھا، اسی طرح محرم کے دوران بھی اسے برقرار رکھا جائے گا۔ میٹنگ میں ڈی ایم اور ایس ایس پی نے کہا کہ ڈی جے باجا کسی بھی حالت میں استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ڈی جے پر مکمل پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ صوتی آلودگی سے متعلق سپریم کورٹ کے رہنما اصولوں پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ محرم کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تھانوں کے راستوں کی جانچ پڑتال کر لی گئی ہے اور اسی راستے سے ہی جلوس نکالا جائے گا۔ نئے راستے کسی صورت اختیار نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی ایس ڈی او، ڈی ایس پی ذاتی طور پر اپنے علاقے کے راستوں کا دورہ کریں تاکہ بعد میں اس مقام پر موجودہ صورتحال کا جائزہ فوری طور لیا جا سکے۔