گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں کل 22 جنوری کو رام مندر کی پران پرتشتھا کی تقریب کے حوالے سے پولیس اور ضلع انتظامیہ حساس ہے ، آج ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم اور ایس ایس پی آشیش بھارتی نے اتر پردیش کے ایودھیا میں شری رام مندر پران پرتیشتھا میں منعقدہ پروگرام کے حوالے سے کہا کہ امن و امان اور خوشگوار ماحول کو یقینی بنایا گیا ہے ، گیا ضلع میں اسکا خاص خیال رکھا جارہا ہے اور تمام ایس ڈی او، ڈی ایس پی ،بی ڈی او ، زونل افسران اور تھانہ انچارج , اسپیشل برانچ کے افسران اور ریلوے حکام کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ کی گئی ہے جس میں لاء اینڈ آرڈرکو برقرار رکھنے کے لیے کئی ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔
میٹنگ میں ڈی ایم نے کہا کہ بہار کے چیف سکریٹری عامر سبحانی اور پولیس ڈائریکٹر جنرل آر ایس بھٹی نے تمام ڈسٹرک مجسٹریٹ اور ایس ایس پی ،ایس پی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے تمام چیزوں پر نگرانی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ پوری چوکسی کے ساتھ حساس مقامات کی نگرانی اور اس کے علاوہ کئی دیگر ضروری احکامات بھی دیے گئے ہیں۔ اس کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے خود ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ضلع کے تمام افسران کو ہدایت دی کہ 22 جنوری کو ایودھیا میں شری رام مندر کا پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کے حوالے سے گیا ضلع میں بھی اکثر مندروں میں پوجا کے ساتھ مختلف کلش یاترا اور شوبھا یاترا کے بارے میں اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے سختی سے ہدایات دیں کہ کسی بھی تقریب کے لیے خواہ وہ چھوٹی ہو یا بڑی سبھی کے لیے تھانے کی سطح سے لائسنس ' اجازت ' لینا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ تمام افسران اپنے علاقے میں ہونے والی تمام چھوٹی بڑی تقریبات پر کڑی نظر رکھیں گے۔ کوئی شوبھا یاترا حساس راستوں سے نہیں گزرے گی، اس کے لیے افسران اپنے علاقے کے منتظمین سے بات کرتے رہیں ۔ آج سے مسلسل ایک ہفتہ تک اپنے علاقے کے تمام حساس مقامات پر مکمل نگرانی کے ساتھ چوکسی رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ ایس ڈی او اور ڈی ایس پی جلوس کی تعداد و شکل اور راستے کی درست طریقے سے تصدیق کریں گے اور اس حوالے سے ہم ہر واقعہ کا مکمل تفصیل سے جائزہ لیں گے۔
کسی بھی بڑے جلوس کو سرکل آفیسر یا بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کی سطح پر اجازت دی جائے گی ۔ تمام افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے علاقے میں ہونے والی تمام تقریبات اور جلوس وغیرہ کی فہرست جمع کریں۔ اب تک کی معلومات کے مطابق ضلع کے 33 مقامات پر خصوصی پوجا کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 15 مقامات پر شوبھا یاترا نکالنے کی اطلاع ہے۔ تمام حساس مقامات اور علاقوں کو مکمل نگرانی میں رکھا جائے گا۔ ضلع مجسٹریٹ نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذہب یا فرقہ کے تعلق سے کسی قسم کا تبصرہ نہ کریں۔ سوشل میڈیا سائیڈ پر غیر ضروری تبصروں سے گریز کریں اور پیغامات کو آگے نہ بھیجیں۔ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا سائیڈ کے ساتھ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔جبکہ ایس ایس پی آشیش بھارتی نے بتایا کہ آزاد پارک میں بھی ایک بڑی تقریب کی اطلاع مل رہی ہے۔
اس کے علاوہ کئی مقامات پر مندروں میں بھی پوجا ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں تمام ڈی ایس پی اور تھانہ انچارج کے ساتھ تمام مجسٹریٹس اپنے علاقے میں مختلف مذہبی مقامات کے ساتھ تقریب کے مقام کا بھی مسلسل دورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ ہم سوشل میڈیا جیسے فیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ گروپس کی بھی مسلسل نگرانی رکھیں گے۔ سائبر ایکسپرٹ ٹیم کو بھی متحرک رکھا گیا ہے تاکہ کوئی قابل اعتراض مواد نظر آنے پر فوری کارروائی کی جاسکے۔ تمام افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے علاقے کے انٹیلی جنس سسٹم کو مکمل طور پر فعال رکھیں۔ کسی بھی طرح کی اطلاع ملنے پر تاخیر نہ کریں۔ اگر کوئی افواہ پھیلتی ہے تو فوراً اس کی چھان بین کر کے کارروائی کریں اور افواہ کی فوری تردید بھی کریں۔ آج سے مسلسل ایک ہفتہ تک گاڑیوں کی چیکنگ مہم کو موثر طریقے سے چلائیں۔ آج سے تمام تھانے اپنے اپنے علاقوں میں فلیگ مارچ کریں گے۔ سب ڈویژنل افسران اور سب ڈویژنل پولیس افسران خود بھی انتہائی حساس مقامات پر موجود رہیں اور لوگوں سے بات چیت کے ساتھ موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں۔
وہیں میٹنگ میں ریلوے حکام نے بتایا کہ گیا ضلع سے اتر پردیش، لکھنؤ وغیرہ کے لیے صرف تین ٹرینیں دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ کسی اور ٹرین کے آپریشن کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تینوں ٹرینیں صبح سویرے گیا ضلع سے روانہ ہوتی ہیں، جس میں ہاوڑہ دہرادون، سیالدہ اور دھنباد لدھیانہ ٹرینیں شامل ہیں۔ گیا سے اتر پردیش جانے والے مسافروں کی تعداد میں پہلے کی بنسبت کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ پہلے کے مقابلے آج بھی صرف عام ٹکٹ ہی بک ہو رہے ہیں۔ ٹکٹ کی بکنگ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ ریلوے انتظامیہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور امن و امان کے ساتھ ساتھ عوام کو کسی قسم کی پریشانی نا ہونے کو یقینی بنانے کے مقصد سے ریلوے اسٹیشن کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ ریلوے کے افسران اور پولیس فورس کو بھی مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔