لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کے روز ایودھیا رام مندر کمپلیکس میں کام کرنے والی خاتون کی اجتماعی عصمت دری کے ملزمین کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے غیر ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ غور طلب ہے کہ 20 سالہ خاتون نے نو افراد پر زیادتی کا الزام لگایا۔ ایودھیا کے کینٹ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی اس کی شکایت کے مطابق، 16 سے 25 اگست کے درمیان تین مختلف مواقع پر اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی۔
اکھلیش یادو نے ایکس پر خاتون کا 13 سیکنڈ کا کلپ شیئر کیا، جس میں پولیس کی جانب سے تعاون کی کمی سمیت خاتون اپنی پریشانی بیان کر رہی ہے۔
انہوں مزید لکھا کہ ایودھیا میں اجتماعی عصمت دری کا شکار ہونے والی خاتون کے ویڈیو بیان نے اتر پردیش میں خواتین کے خلاف ہراساں کرنے اور مظالم کے بڑھتے ہوئے واقعات کی بنیادی وجہ کو ظاہر کر دیا ہے۔ انہوں کہا کہ کس طرح متاثرہ کو کچھ غیر حساس پولیس والوں کی وجہ سے رپورٹ درج کرانے میں تکلیف اٹھانی پڑی۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ نہ درج کرنے کی وجہ سے بہت سے جرائم کا اندراج تک نہیں ہوتا ہے، جس سے مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔ اکھلیش یادو نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ کے ساتھ انصاف کیا جائے اور مجرموں اور غیر ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔