حیدرآباد: تلنگانہ کی گورنر کے عہدہ سے استعفی کے دو دن بعد ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ آج چینئی میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں مرکزی وزیرسیاحت جی کشن ریڈی نے انہیں زعفرانی جماعت کا کھنڈوا پہنا کر بی جے پی میں شامل کیا۔
تمیلی سائی نے تلنگانہ کی گورنر اور پوڈیچری کی لفٹننٹ گورنر کے عہدہ سے استعفی دے دیا تھا۔ اس موقع پر ان کے حامیوں اور بی جے پی کے کارکنوں نے تمیلی سائی اور پارٹی کے حق میں نعرے بازی کی۔ تمیلی سائی نے تقریبا چارسال تک گورنر تلنگانہ کے طور پر اپنے فرائض انجام دیئے۔ بتایاجاتا ہے کہ ان کو بی جے پی چینئی سنٹرل یا پھر کسی اور لوک سبھا نشست سے ٹکٹ دے گی۔
سنہ 2019کے لوک سبھا انتخابات میں ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن کو شکست اٹھانی پڑی تھی جس کے بعد مرکزی حکومت نے ان کو تلنگانہ کی گورنر مقرر کیا تھا۔ تمیلی سائی کو بی جے پی کی رکنیت کا کارڈ بھی حوالہ کیا گیا۔ تمل ناڈو کے بی جے پی ذمہ داروں نے ان کو تہنیت بھی پیش کی اور پارٹی میں واپسی پر ان کا استقبال کیا۔