گیا: انجمن ترقی اردو بہار شاخ شیر گھاٹی کے صدر ڈاکٹر ایس رضاء الله کا انتقال پر ملال ہوگیا ہے۔ اُن کے انتقال کی خبر سے اردو ادب حلقہ سوگوار ہوگیا ہے۔ ریاست بہار کے ضلع گیا کے مشہور ہومیوپیتھک ڈاکٹر ایس رضاء الله نے دارفانی کو الوداع کہہ دیا۔ ان کی رحلت کی خبر موصول ہوتے ہی ادبی سماجی اور طبی حلقہ سوگوار ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر ایس رضاء الله شیر گھاٹی کے قاضی محلہ کے رہنے والے تھے۔
مرحوم انجمن ترقی اردو بہار شاخ شیر گھاٹی کے صدر کے عہدے پر برسوں تک فائز تھے اور وہ اُردو کی ترویج و اشاعت اور مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں رہتے تھے۔ رشتے داروں کے مطابق ڈاکٹر ایس رضاء الله کی طبیعت کافی دنوں سے علیل تھی۔ منگل کی شام پٹنہ کے ایمس میں علاج کے دوران انہوں نے آخری سانس لی۔