گلبرگہ:کرناٹک اردو اکیڈمی کے چیئرمین مولانا مفتی محمد علی قاضی مصباحی نے گلبرگہ شہر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے یہاں کی مختلف اردو تنظیموں کے ذمہ داران اور اردو ادب کے شعراء اور ادیبوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ریاست کے تمام علاقوں میں اردو زبان کی ترقی اور فروغ کے لیے ریاست کے تمام محبان اردو کو جوڑ کر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔ اور خاص کر گلبرگہ زمانۂ قدیم سے اُردو زبان وادب کا گہوارہ رہا ہے۔ یہاں کے کئی قلم کار قومی سطح پر معروف ہیں۔ اس لیے کرناٹک اردو اکیڈمی کے جانب سے یہاں خصوصی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اضلاع کے تحت کرناٹک اردو اکیڈمی کمیٹی کی تشکیل نہیں ہوئی ہے۔ بلکہ ریاستی سطح پر اردو ادب میں خدمات انجام دینے والی شخصیات پر مشتمل 13 افراد کی کمیٹی کو تشکیل دیا گیا ہے۔ اس میں ضلع کو سامنے رکھ کر فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ اگر اضلاع کے تحت کرناٹک اردو اکیڈمی کمیٹی کی تشکیل دی جاتی تو 31 ارکان ہوتے۔ یہاں پر صرف ریاستی سطح پر کمیٹی کو تشکیل دیا گیا۔