نوئیڈا:ریاست اتر پردیش کے نوئیڈا ضلع کے اے ڈی سی پی سنٹرل ہردیش کتھیریا نے بتایا کہ سیکٹر 90 کے بھوٹانی الفاتھم میں چل رہے فرضی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 73 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ موقع سے 73 کمپیوٹر سیٹ (ٹی ایف ٹی، سی پی یو، کی بورڈ، ماؤس، ہیڈ فون وغیرہ)، 14 موبائل، 03 راؤٹرز، 48 ہزار روپے نقد، 58 ورک پرنٹ آؤٹ (جعلی کال سینٹرز چلانے کا سامان) برآمد ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ اس دوران کال سینٹر کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اے ڈی سی پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان IVR کے ذریعے امریکی شہریوں کو کال کرنے کے لیے کمپیوٹر کو ٹیلی کالنگ کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ ان کے سوشل سیکیورٹی نمبروں کا غلط استعمال کرکے انہیں دھوکہ دیا گیا اور گفٹ کارڈز اور کرپٹو کرنسیوں کے ذریعے ان سے رقم وصول کی جاتی تھی۔
اے ڈی سی پی نے کہا کہ ملزم کمپیوٹر میں موجود VICIdial سافٹ ویئر اور Xlight/eyebeam ڈائلر کا استعمال کرتے ہوئے کالز وصول کرتا تھا جو کال سینٹر کے مالک کے ذریعے کال لینڈ کرائی جاتی تھی ۔کالز موصول ہونے پر فلور پر موجود تمام لوگ یو ایس مارشل بن کر امریکی شہریوں کی کال وصول کرتے تھے، جنہیں سوشل سیکورٹی سے متعلق مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا خوف دے کر گفٹ کارڈز اور کرپٹو کرنسی کے ذریعے رقم حاصل کرنے کا جھانسہ دیا جاتا تھا۔