بیدر :کرناٹک کے ضلع بیدر کے حمیلہ پور میں واقع سرکاری اردو ہائر پرائمیری اسکول میں منعقدہ نمائش کے موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے ہیڈ ماسٹر محبوب استاد نے کہا کہ بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو منظر عام پر لانے اور بچوں میں بولنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے علاوہ ان کی معلومات میں اضافہ کرنے کے لیے اس نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسکول کے طلبا و طالبات نے اپنے ہاتھوں سے بڑی محنت سے یہ ماڈلز تیار کیے ہیں۔ ان کی اس کوشش کے لیے میں اسکول کے تمام طلبا و طالبات، ٹیچرز اور ایس ڈی ایم سی کمیٹی کے صدر و اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے بچوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا افتتاح محکمہ تعلیمات کے اعلی ذمہ داران نے کیا ۔اس نمائش میں طلبا و طالبات نے اردو اور کنڈا سے متعلق حروف تہجی، ماڈل ہندوستان ، کرناٹک اور بیدر کا نقشہ ، گول گنبد بیجاپور دیگر کئی ماڈلس پیش کیے۔