لکھنو: اتر پردیش حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے بہوجن سماج پارٹی کے میرٹھ سے رکن اسمبلی رفیق انصاری سے خصوصی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش حکومت اگرچہ دعوی کر رہی ہے کہ یہ بھاری بھر کم بجٹ ہے تاہم غریب ،مزدور ،کسان اور بے روزگاروں کے لیے بجٹ میں کچھ بھی خاص نہیں ہے۔ انصاری نے کہا کہ بنکر طبقہ کو بجٹ سے کافی امیدیں وابستہ تھیں لیکن یو پی حکومت نے بنکروں کو نا امید کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں کاشتکاری کے بعد بنکاری شعبہ کافی اہمیت کا حامل ہے اس کاروبار سے ریاست کے لاکھوں افراد روزگار سے وابستہ ہیں۔ بنکروں نے گزشتہ برس کئی جگہ احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور فلیٹ ریٹ پر بجلی کا مطالبہ کیا تھا اور انہیں امید تھی کہ 2024 کے بجٹ میں انہیں راحت ملے گی لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔ سنہ 2006 میں اس وقت کے وزیراعلی آنجہانی ملائم سنگھ یادو نے بنکروں کو فلیٹ ریٹ پر بجلی دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد اس نظام کو ختم کر دیا گیا اب دوبارہ فلیٹ ریٹ کا نظام نافذ کیا ہے تاہم بنکروں کو کافی مہنگا پڑ رہا ہے۔