نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے مبینہ شراب پالیسی گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعلی اروند کجریوال کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی درخواست پر آج اپنا فیصلہ سنائے گی۔ جسٹس سوارن کانتا شرما کی سنگل بنچ آج دوپہر 2.30 بجے کجریوال کی عرضی پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔
ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل تفصیل سے سننے کے بعد 3 اپریل کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ کجریوال نے مرکزی ایجنسی کے ذریعہ ان کی گرفتاری کے وقت پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ یہ (ان کی گرفتاری) جمہوریت، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات اور مساوی مواقع سمیت آئین کے بنیادی ڈھانچے کی 'خلاف ورزی ہے۔
خیال رہے اروند کجریوال کو ای ڈی نے 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ وہ عدالتی حراست میں تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ یکم اپریل کو خصوصی عدالت نے انہیں 15 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیاتھا۔ ای ڈی نے کجریوال پر دہلی شراب کی پالیسی 2021-2022 (جسے تنازعہ کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا) کے ذریعے غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے حاصل کرنے میں ایک اہم سازشی ہونے کا الزام لگایا ہے۔