مرادآباد:محرم الحرام کی پہلی تاریخ سے ہی مرادآباد کی مساجد میں بھی محرم الحرام کی عظمت کا ذکر شروع ہو جاتا ہے۔ یہاں کی تاریخی لال مسجد میں ہر سال ذکر شہدائے کربلا کی نشست کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یکم محرم سے لے کر 10 محرم تک یہ سلسلہ بدستور جاری رہتا ہے جس میں بعد نماز عشاء ایک گھنٹے کے لیے محفل سجائی جاتی ہے۔اس میں علماء کرام ماہ محرم الحرام کی حرمت بیان کرتے ہیں۔
اسی سلسلے میں یکم محرم سے 10 محرم تک الگ الگ عنوان پر مبنی بیان کیا جاتا ہے جس میں مرادآباد اور اطراف سے کثیر تعداد میں لوگ لال مسجد کے اندرون پہنچ کر علماء کرام کے بیان کو سماعت فرماتے ہیں۔
خطیب مفتی دانش القادری نے کربلا کی نشست سے متعلق معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چودہ سالوں سے مرکزی جمعیت اہل سنت کے زیر اہتمام یکم محرم سے 10 محرم تک ذکر شہدائے کربلا کے نام سے محفل کا اہتمام کیا جاتاہے۔ اس میں ہر روز مختلف موضوعات پر بیان کیا جاتا ہے۔ نشست کا آغاز اللہ تبارک و تعالی اور اس کے رسول کے ذکر سے کیا جاتا ہے۔ تمام صحابہ کے ساتھ حضرت امام حسین کی شہادت کا تفصیلی ذکر اس محفل میں کیا جاتا ہے جس کا مقصد عوام کو شہدائے کربلا کی حقیقت اور اہل بیت کی محبت سے رو برو کرانا ہے۔