نئی دہلی:دہلی حکومت کا 10واں سالانہ بجٹ پیش کرتے ہوئے دہلی کے وزیر خزانہ آتشی نے بڑا اعلان کیا ہے۔ آتشی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مہیلا سمان یوجنا کے تحت 18 سال سے زیادہ عمر کی سبھی خواتین کو فی ماہ ایک ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس اعلان کے بعد تمام اراکین اسمبلی نے ایوان میں کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔
دہلی کی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت نے پیر کو دہلی کے لیے 76 ہزار کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا، کیجریوال حکومت نے آخری بار 2023-2034 میں دہلی کے لیے 78 ہزار کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا تھا۔ اس بار تقریباً 2 ہزار کروڑ روپے کم ہوئے ہیں۔ اس دوران وزیر آتشی نے مہیلا سمان یوجنا کے تحت دہلی کی تمام خواتین کو ماہانہ 1000 روپے دینے کا اعلان کیا۔ خواتین کی بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے 2024-2025 کے بجٹ میں مکھیا منتری مہیلا سمان یوجنا کے تحت 2 ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
جیسے ہی اس اسکیم کا اعلان ہوا تمام ممبران اسمبلی نے ایوان میں کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔ ممبران کھڑے ہو کر نعرے لگا رہے تھے۔ وزیر آتشی نے مزید کہا کہ دہلی کے سرکاری اسکولوں کی 933 لڑکیوں نے NEET کا امتحان پاس کیا ہے اور 123 لڑکیوں نے JEE کا امتحان پاس کیا ہے۔ ہماری بسوں میں روزانہ تقریباً 11 لاکھ خواتین مفت سفر کرتی ہیں۔ 2019 سے اب تک اروند کیجریوال نے دہلی میں خواتین کو 153 کروڑ بار بسوں میں مفت سفر کرنے کی آزادی دی ہے۔