ملک کے دوسرے امبار کیشن پوائنٹ کی بنسبت گیا سب سے مہنگا (ETV Bharat) گیا : حج سفر 2024 کے مجموعی خرچ میں امسال سب سے کفایتی اور سستا حج سفر ہونے کا دعوی مرکزی وزرات اقلیتی امور کی جانب سے کیا گیا تھا۔ لیکن ایسا گیا امبارکیشن پوائنٹ کے لیے نہیں ہوا بلکہ گزشتہ برس کے بنسبت اس بار قریب 10 ہزار سے زیادہ کی رقم میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ گیا امبارکیشن پوائنٹ ملک کے دیگر امبارکیشن پوائنٹ کے بنسبت سب سے زیادہ مہنگا ہے۔ گیا ائیرپورٹ سے جانے والے بہار کے عازمین حج کو مجموعی طور پر4 لاکھ 11 ہزار 6 سو روپے ادا کرنے پڑے ہیں۔ حالانکہ اس میں قربانی کی رقم شامل نہیں ہے۔ قربانی کی رقم اس بار 15 ہزار 180 روپے مختص کی گئی ہے۔
گیا ایئرپورٹ سے سفرحج مہنگا ہونے کی وجہ کر یہاں سے جانے والے عازمین حج کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ یہاں تک کہ گیا ضلع کے بھی کئی عازمین حج نے دوسری ریاستوں کے امبارکیشن پوائنٹ کو منتخب کیا ہے۔ گزشتہ برس گیا امبار کیشن پوائنٹ کا مجموعی خرچ قربانی کی رقم کے ساتھ فی حاجی 4 لاکھ 20 ہزار کے قریب تھا۔ اس بار بھی سب سے مہنگا پوائنٹ بہار کا گیا ایئرپورٹ ہی ہے۔ اس وجہ سے یہاں گیا ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والوں کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں نصف سے بھی کم ہے۔ سال 2023 میں گیا ہوائی اڈہ سے کل 3200 کے قریب عازمین حج کی پرواز ہوئی تھی جبکہ پورے بہار سے قریب 52 سو افراد حج کی سعادت سے مشرف ہو نے کے لئے روانہ ہوئے تھے۔
امسال 2024 میں بہار کے مجموعی تعداد بھی کم ہوئی ہے۔ اس بار کل 3800 کے قریب ہی فارم پر کیاگیا تھا، گیا امبار کیشن پوائنٹ مہنگا ہونے کے سبب گیا ضلع کی بھی تعداد گھٹی ہے۔ اس بار کل 280 افراد نے فارم بھرا تھا لیکن جانے والوں کی تعداد 203 ہے۔ جس میں قریب 38 ایسے ہیں جنہوں نے اپنا امبار کیشن پوائنٹ گیا کے بجائے دوسری ریاستوں کو منتخب کیا ہے۔ ایک عازم حج سید ڈاکٹر اقبال احمد کا کہنا ہے کہ وہ بھی حج سفر پر اپنی اہلیہ کے ساتھ روانہ ہونگے۔ لیکن گیا کے بجائے وہ بمبئی سے پرواز کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ گیا ائیر پورٹ سے نہیں جانے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ یہاں سب سے زیادہ رقم ادا کرنی ہوگی۔حج حسب استطاعت ہی فرض ہے۔ بمبئی سے میاں بیوی ملاکر انہیں قریب 2 لاکھ 15 ہزار روپیے تک کم رقم ادا کرنی پڑی ہے۔ اب اس سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہاں سے تعداد کم کیوں ہوئی ہے۔ اگر پانچ فرد ہوں گے تو 5 لاکھ سے زیادہ رقم بچے گی۔ اگر پاس کی ریاست بنگال کے کولکاتا سے جاتے ہیں تو گیا ہوائی اڈہ سے قریب 55000 ہزار کا فرق ہے۔ جبکہ بمبئی سے قریب 1 لاکھ 8 ہزار کا فرق ہے۔
اسی طرح دلی سے بھی بڑی رقم کا فرق ہے۔ اس کو یوں سمجھیں کہ اگر ایک خاندان کے پانچ لوگ گیا پوائنٹ سے حج سفر پر جاتے ہیں تو اُنھیں بمبئی ایئرپورٹ کے بنسبت قریب 5 لاکھ سے زیادہ رقم ادا کرنی ہوگی۔ کولکاتا کے بنسبت گیا پوائنٹ سے جانے والے پانچ افراد کی رقم میں 2 لاکھ 75 ہزار کا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس وجہ سے وہ گیا کے بجائے کولکاتا سے جارہے ہیں جبکہ ایک عازم حج محمد فیض نے کہاکہ اگر آپکا کوئی قریبی کسی دوسرےامبار کیشن پوائنٹ ' کولکاتا دلی بمبئی ' وغیرہ میں ہے تو آپ وہیں سے سفر کریں کیونکہ آپکی کافی رقم بچے گی۔ صرف گیا قریب میں ہے لیکن سہولتوں کے معاملے میں زیادہ کچھ نہیں ہے۔
واضح ہوکہ گیا ہوائی اڈہ پر بوئنگ طیارے کی آمد نہیں ہوتی ہے بلکہ یہاں سے چھوٹے طیارے 150 سیٹ کی صلاحیت والے طیاروں سے پرواز ہوتی ہے۔ ہردن ایک یا دو ہی طیارے کی پرواز ہوتی ہے اور ہردن اوسطا 140 عازمین حج کی پرواز ہوتی ہے۔ گیا ایئر پورٹ مہنگا ہونے کی ایک بڑی وجہ بڑے طیاروں سے پرواز نہیں ہونا بھی ہے جسکی وجہ سے یہاں سے ٹکٹ بھی مہنگی ہوتی ہے لیکن اگر اس پر حج بھون بہار نے توجہ نہیں دی تو آنے والے دنوں میں مزید تعداد عازمین حج کی کم ہوسکتی ہے۔