اردو

urdu

ETV Bharat / state

مدرسے میں سات سالہ بچے کی مشتبہ حالت میں موت، مشتعل لوگوں کا ہنگامہ - Child Dies in Madarsa - CHILD DIES IN MADARSA

یہ واقعہ شمال مشرقی دہلی کے دیال پور کا بتایا جا رہا ہے۔ جس مدرسے میں بچے کی موت ہوئی وہ مدرسہ گذشتہ 15 سال سے چل رہا ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ کچھ بچوں نے متوفی بچے کے ساتھ مارپیٹ کی، جس کے بعد بچے کی جان چلی گئی۔ پولیس تمام پہلوؤں پر جانچ کر رہی ہے۔

دہلی کے ایک مدرسے میں سات سالہ بچے کی موت پر ہنگامہ
دہلی کے ایک مدرسے میں سات سالہ بچے کی موت پر ہنگامہ (ETV Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 24, 2024, 7:39 AM IST

Updated : Aug 24, 2024, 8:54 AM IST

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی کے دیال پور علاقے کے ایک مدرسے میں سات سالہ بچے کی مشتبہ حالت میں موت ہو گئی۔ یہ معاملہ بابو نگر کا ہے۔ یہاں بچے کی موت کے بعد لوگوں نے مدرسے کے باہر ہنگامہ کیا۔ فی الحال پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جی ٹی بی اسپتال کے مردہ خانہ میں محفوظ رکھوا دیا ہے۔

مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ مدرسے کے کچھ بچوں نے متوفی بچے کی پٹائی کی تھی، جس کی وجہ سے بچے کی موت ہو گئی۔ بچے کی موت کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے مدرسہ کے باہر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ بعد میں مقامی ایم ایل اے حاجی یونس نے لوگوں کو سمجھا کر ہنگامہ کو ختم کرایا۔

مقامی لوگوں کے مطابق بابو نگر کی گلی نمبر 5 میں تقریباً 15 سال سے تعلیم القرآن نام کا مدرسہ چل رہا ہے۔ مدرسے میں علاقے کے 200 سے زائد بچے پڑھنے آتے ہیں۔ جمعہ کی شام ایک سات سالہ بچہ مدرسے میں بے ہوش پایا گیا۔ اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

بچے کی موت کی اطلاع ملتے ہی علاقے کے لوگ مدرسے کے باہر جمع ہوگئے اور ہنگامہ شروع کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم بھی موقعے پر پہنچ گئی۔ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے جی ٹی بی اسپتال بھیج دیا گیا۔ ہنگامے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ایم ایل اے حاجی یونس وہاں پہنچے اور لوگوں کو سمجھا کر ہنگامہ کو ختم کیا۔ حاجی یونس نے بتایا کہ بچہ فوت ہو گیا ہے۔ پولیس اس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اگر کوئی قصوروار پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پرتاپ گڑھ میں ریل بناتے ہوئے 5 نوجوان نہر میں ڈوب گئے، 2 کی موت

Last Updated : Aug 24, 2024, 8:54 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details