نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے ہفتہ کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کسی بھی سیاسی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس پی اکیلے اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑے گی۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں محترمہ مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی کے ساتھ اتحاد کو لے کر غلط فہمیاں اور غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں عوام الناس سے محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی تنہا الیکشن لڑنے کے فیصلے پر قائم ہے۔
انہوں نے کہاکہ "بہوجن سماج کے مفاد میں اکیلے الیکشن لڑنے کا بی ایس پی کا فیصلہ پختہ ہے۔" مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی ملک میں لوک سبھا کے عام انتخابات پوری تیاری اور طاقت کے ساتھ اپنی طاقت پر لڑ رہی ہے۔ ایسے میں انتخابی اتحاد یا تیسرا محاذ وغیرہ بنانے کی افواہیں پھیلانا سراسر جھوٹی اور غلط خبر ہے۔ میڈیا کو اس قسم کی مذموم خبریں دے کر اپنی ساکھ نہیں کھونی چاہیے۔
بی ایس پی سربراہ نے کہاکہ "خاص طور پر اتر پردیش میں بی ایس پی نے بڑی طاقت کے ساتھ اکیلے الیکشن لڑنے کی وجہ سے اپوزیشن کافی بے چین نظر آتی ہے۔ اسی لیے وہ آئے روز طرح طرح کی افواہیں پھیلا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ لیکن بہوجن برادری کے مفاد میں بی ایس پی کا اکیلے الیکشن لڑنے کا فیصلہ اٹل ہے۔