نئی دہلی: دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج رنجی ٹرافی کا میچ کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ میں ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی بھی کھیلنے پہنچے ہیں۔ وہ دہلی کی طرف سے ریلوے کے خلاف میچ کھیل رہے ہیں۔ تاہم، کوہلی کی رنجی ٹرافی میں واپسی اسٹیڈیم کے باہر افراتفری کی وجہ سے متاثر ہوئی۔ صبح سے ہی مداحوں کا ہجوم اپنے پسندیدہ اسٹار کوہلی کی ایک جھلک پانے کے لیے اسٹیڈیم کے باہر جمع ہونا شروع ہوگیا۔ اس دوران اسٹیڈیم میں داخل ہنے کے لیے دھکامی شروع ہوگئی اور نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ اس دھکامکی اور مارپیٹ میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوگئے۔
گیٹ نمبر 16 کے باہر بھیڑ نے دھکامکی کی۔ انٹری کے پاس ایک جوڑا گر کر زخمی ہوگیا۔ اس دوران پولیس کی ایک بائیک کو نقصان پہنچا اور بہت سے لوگ اپنے جوتے موقعے پر چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ اس واقعے مں کم از کم تین افراد زخمی ہوئے۔ گیٹ کے قریب ڈی ڈی سی اے سکیورٹی اور پولیس نے ان کا علاج کیا۔ ان میں سے ایک کی ٹانگ پر پٹی باندھنی پڑی۔ ایک سیکورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ داخلے کے وقت بھیڑ بہت زیادہ تھی۔ چونکہ ڈی ڈی سی اے کی طرف سے صرف ایک گیٹ استعمال کیا جا رہا تھا، واقعے کے بعد دوسرے گیٹ کو جلد ہی کھول دیا گیا۔