تھانے: مہاراشٹر کے تھانے ضلع کے ڈومبیولی میں جمعرات کو ایک کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ حادثے میں 8 افراد ہلاک اور 64 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ ڈومبیولی ایم آئی ڈی سی علاقہ کے فیز II میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں پیش آیا۔ آتشزدگی کے باعث دھماکے کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کا ایمس اور نیپچون پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے نام ابھی تک معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ اس کی آواز ایک کلومیٹر دور تک سنی گئی اور آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے کی وجہ سے آس پاس کے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
صدر دروپدی مرمو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، 'مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے آگ لگنے کے حادثے میں کئی لوگوں کی موت کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ میں سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہوں اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتی ہوں،'