نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ بی جے پی کے سابق ایم پی رمیش بدھوری کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض بیان دینے پر مشکل میں پھنس گئے۔ دہلی کے کالکاجی سے بی جے پی کے امیدوار بنائے گئے رمیش بدھوری نے اتوار کو ایک بڑا تنازعہ کھڑا کر دیا جب انہوں نے کہا کہ اگر وہ آئندہ انتخابات جیت گئے تو وہ اپنے اسمبلی حلقے کی سڑکوں کو کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا کے گالوں کی طرح چمکائیں گے۔
ان کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے بی جے پی پر خواتین مخالف ذہنیت رکھنے کا الزام لگایا، کانگریس لیڈر نے بدھوری کے خلاف قومی کمیشن برائے خواتین میں شکایت درج کرائی ہے۔ ویڈیو میں بدھوری کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، 'لالو یادو نے ایک بار دعویٰ کیا تھا کہ وہ بہار کی سڑکوں کو ہیما مالنی کے گالوں کی طرح چمکائیں گے، لیکن وہ اس وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔ تاہم، میں یقین دلاتا ہوں کہ جس طرح ہم نے اوکھلا اور سنگم وہار کی سڑکوں کو تبدیل کیا ہے، اسی طرح ہم کالکاجی کی ہر سڑک کو پرینکا گاندھی کے گالوں کی طرح چمکائیں گے۔