گیا:ریاست بہار کے گیا کے بیلاگنج میں ضمنی انتخاب دلچسپ ہونے والاہے۔ یہاں پرشانت کشور کی پارٹی' جن سوارج' کی انٹری ہوچکی ہے۔ اس پارٹی میں یہاں کے ایک قدآور رہنماء محمد امجد حسن جن سوراج پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ پرشانت کشور نے سابق ایم پی مناظرحسن کی موجودگی میں امجد حسن کو پارٹی میں شامل کرایا، پرشانت کشور نے اس دوران خود امجد حسن کا استقبال کرتے نظر آئے۔
امجد حسن بیلاگنج کے قدآور رہنما ہیں۔ اس سے پہلے وہ 2005 اور 2010 کے اسمبلی انتخاب میں جے ڈی یو کی ٹکٹ پر انتخاب لڑچکے ہیں۔ دونوں بار وہ انتہائی کم ووٹوں سے آر جے ڈی لیڈر ڈاکٹر سریندر پرساد یادو سے شکست کھاچکے ہیں۔ ایک بار تو وہ 3000 ووٹوں سے کم فرق سے ہارے تھے۔ اب وہ جن سوراج پارٹی میں باضابطہ شامل ہوگئے ہیں جس سے امید کی جارہی ہے کہ وہ یہاں سے جن سوراج کی ٹکٹ پر انتخاب لڑیں گے۔
بیلاگنج اسمبلی حلقہ آر جے ڈی کا گڑھ ہے۔ اس کی وجہ یہ کہ یہاں ڈھائی لاکھ سے زیادہ ووٹوں میں قریب 60 سے 70 ہزار مسلم ووٹر ہیں جب کہ سکنڈ پوزیشن پر یادو برادری کا ووٹ ہے۔ بیلاگنج اسمبلی حلقہ میں ایم وائی' مسلم یادو ' اتحاد ہی جیت کا فیصلہ کردیتا ہے۔ اس بارضمنی انتخاب ہونا ہے کیونکہ یہاں سے آر جے ڈی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سریندر یادو جہان آباد پارلیمانی حلقہ سے ایم پی بن چکے ہیں۔
ان کے رکن پارلیمان بننے سے نشست پر ضمنی انتخاب ہونا ہے۔ جے ڈی یو سے امجد حسن تیسری بار ٹکٹ حاصل کرنا چاہتے تھے لیکن انکی امیدواری جے ڈی یو سے کمزور پڑرہی تھی۔ کیونکہ یہاں سے جے ڈی یو کی ٹکٹ پر مسلم امیدواروں میں شارم علی، اقبال حسین، ایڈوکیٹ شوکت علی خان، آفتاب عالم عرف رنکو، محمد پرنس کے علاوہ دیگر مسلم رہنماء بھی اپنی امیدواری پیش کرچکے ہیں۔ جبکہ غیر مسلم رہنماوں میں سب سے زیادہ مضبوط امیدوار سابق ایم ایل سی منورما دیوی ہیں۔