سورت، گجرات:ریاست گجرات کے کپڑے کے لیے مشہورشہر سورت کے لال گیٹ علاقے کے سید پورہ علاقے میں گنیش اتسو کے دوران ایک بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک گنیش پنڈال پر مبینہ طور پر پتھراؤ کیا گیا جس سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ اس واقعے کے بعد مقامی ہندو برادری کے سینکڑوں افراد نے سید پورہ تھانے کے باہر جمع ہو کر احتجاج کیا۔ کشیدگی کو دیکھ کر مقامی رکن اسمبلی بھی موقع پر پہنچ گئے اور حالات پر قابو پانے کی کوشش کی۔ گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کو بھڑکانے والے 27 دیگر لوگوں کو بھی پولیس نے حراست میں لیا گیا ہے، جو اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ملوث تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق پتھراؤ ایک شرارتی نوجوان نے کیا۔ اس نے مبینہ طور پر گنپتی منڈپ پر پتھر پھینکے تھے۔ اس واقعہ کے بعد مشتعل مقامی لوگوں نے پولیس چوکی کا گھیراؤ کیا اور شدید احتجاج کیا۔ صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور انتظامیہ صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "آج سورت کے سید پورہ علاقے میں گنیش پنڈال پر پتھراؤ کی خبر ملی، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس معاملے میں 6 لوگوں کو گرفتار کیا، اس کے علاوہ 27 دیگر افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس واقعہ کو بھڑکانے اور اس کی تشہیر کرنے والے لوگوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو بھی امن خراب کرے گا چاہے وہ جو بھی کمیونٹی سے ہو، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔