سنبھل: سماج وادی پارٹی سربرا ہ اکھلیش یادو سنبھل لوک سبھا سیٹ سے ایم پی رہے مرحوم ڈاکٹر شفیق الرحمان برق کے انتقال کے بعد آج ان کی رہائش گاہ پہنچ کر مغموم اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔ سنبھل لوک سبھا سے ایم پی ڈاکٹر شفیق الرحمان برق کا لمبی علالت کے بعد گزشتہ ہفتے مرادآباد کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔
ایس پی سربراہ اکھلیش یادو مرحوم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرنے کے لیے آج ہیلی کاپٹر کے ذریعے سنبھل پہنچے اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اکھلیش یادو کے ساتھ مرادآباد کے ایم پی ڈاکٹر ایس ٹی حسن، سنبھل کے ایم ایل اے اقبال محمود، بلاری کے ایم ایل اے محمد فہیم، گنور کے ایم ایل اے رام کھلاڑی یادو، اسمولی کے ایم ایل اے پنکی یادو اور ایس پی کے ضلع صدر اصغر علی انصاری وغیرہ موجود رہے۔
اس موقع پر ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے کہا کہ اس بار الیکشن آئین کو ماننے والوں اور اسے نہ ماننے والوں کے درمیان ہوگا۔ آگرہ میں میٹرو اسٹیشن کا نام تبدیل کرنے پر اکھلیش یادو نے کہا کہ نام بدلنا ضروری ہے تاکہ لوگوں کو نوکریاں دی جائیں اور پیپرز لیک نہ ہوں۔ انہوں نے آگرہ میٹرو کو سوشلسٹوں کی میٹرو قرار دیا۔