ممبئی: مہاراشٹر میں نئی مہاوتی حکومت کی حلف برداری کی تقریب 5 دسمبر کو شام 5 بجے ممبئی کے آزاد میدان میں منعقد ہوگی۔ تاہم، بھاری اکثریت سے اسمبلی انتخابات جیتنے کے باوجود، بی جے پی کی قیادت والی مہاوتی اتحاد نے ابھی تک وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے نام پر گزشتہ 11 دنوں سے سسپنس جاری ہے۔ بی جے پی نے مہاراشٹر کے لیے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی کو مرکزی مبصر مقرر کیا ہے۔ دونوں مبصرین ممبئی پہنچ گئے جن کی نگرانی میں بدھ 4 دسمبر کو بی جے پی کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ ہوگی۔ اس میٹنگ میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا، جو ممکنہ طور پر مہاراشٹر کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق دیویندر فڑنویس کو بی جے پی کی جانب سے سی ایم کے لیے پہلی پسند کہا جارہا ہے۔
اسی دوران مہاراشٹر کے عبوری وزیر اعلیٰ، ایکناتھ شندے نے جمعرات کو حلف برداری کی تقریب سے ایک روز قبل سینئر بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس سے جنوبی ممبئی میں واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ ورشا میں تقریباً 45 منٹ تک ملاقات کی۔ حلف برداری کی تقریب 5 دسمبر کو جنوبی ممبئی کے آزاد میدان میں ہوگی اور اس میں وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کریں گے۔