گیا:ضلع گیا میں مسلسل ڈینگو کے مریض پائے جانے سے کچھ راحت ملی ہے۔ کیونکہ جمعہ کے دن جتنے مریضوں کی رپورٹ آئی اس میں ایک کی بھی رپورٹ مثبت نہیں پائی گئی ہے۔ ضلع محکمۂ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ مگدھ میڈیکل کالج و اسپتال میں مشتبہ دو لوگوں کی جانچ رپورٹ آئی جس میں ایک بھی متاثر نہیں پایا گیا ہے۔ اس سے قبل 14 ستمبر کو ڈینگو کا ایک بھی مریض نہیں ملا تھا۔
اس کے پہلے ڈینگو کے مریض مسلسل پائے جا رہے تھے۔ حالانکہ ضلع میں اب تک ڈینگو کے 215 مریض پائے گئے ہیں۔ ان میں دیہی علاقوں کے مقابلے شہری علاقوں میں زیادہ مریض پائے گئے ہیں۔ اب تک دیہی علاقوں میں 72 اور شہری علاقوں میں 142 مریض پائے گئے ہیں۔
مگدھ میڈیکل میں اب تک 124 مریض داخل ہوچکے ہیں۔ مگدھ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کے کے سنہا نے بتایا کہ اب تک مگدھ میڈیکل کے ڈینگو وارڈ میں ڈینگو کے 124 مریض داخل کرائے گئے ہیں۔ ان میں سے 121 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔ اس وقت تین مریض زیر علاج ہیں۔ جمعہ کو ڈینگو کے دو مریض جو پہلے ہی داخل تھے، صحت یاب ہونے کے بعد اُنہیں چھٹی دے دی گئی ہے۔ ایک مشتبہ شخص کی رپورٹ منفی آنے پر اسے اسپتال سے ڈسچارج بھی کر دیا گیا ہے۔