گیا:یوم آزادی کے موقع پر ہر طرف حب الوطنی کی ہوا چل رہی ہے۔ بازاروں کو ترنگے میں رنگ دیا گیا ہے۔ بازاروں میں بچے اور بڑے بوڑھے سبھی ترنگا خریدتے نظر آ رہے ہیں۔ سرکاری دفاتر، اسکول، سماجی اور کاروباری تنظیمیں بھی ہر گھر پر ترنگا مہم میں تعاون کر رہی ہیں اور سبھی کل کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ جس کی وجہ سے ترنگے کی مانگ بڑھی ہوئی ہے۔ آئی جی کوٹھی، مرزا غالب کالج موڑ اور شہر کے مختلف علاقوں خاص کر کے پی روڈ کے علاقوں میں قومی جھنڈے اور تین رنگوں کی ٹوپی، بیجز، کلائی پر پٹیاں، اسٹیکرز وغیرہ سے اسٹال سجے ہوئے ہیں۔ آج دیر رات تک جھنڈے کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
قومی جھنڈے بیچتے بھی ہیں اور تقسیم بھی کردیتے ہیں
مرزا غالب کالج موڑ پر عارضی دکان لگا کر قومی جھنڈے بیچنے والے محمد اقبال عالم نے کہا کہ سال میں دو موقع ' یوم آزادی اور یوم جمہوریہ ' کا انہیں انتظار ہوتا ہے۔ عام دنوں میں ان کے اسٹال پر کھلونے بکتے ہیں لیکن یوم آزادی ' پندرہ اگست ' کے چار دنوں پہلے وہ قومی جھنڈے بیچتے ہیں، آمدنی تو ہوتی ہے لیکن شوق زیادہ ہوتا ہے کہ وہ پرچم اور ترنگے کی دوسری چیزیں فروخت کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو بچتا ہے وہ پندرہ اگست کو تقسیم بھی کردیتے ہیں۔ یہاں دکان پر ایک خریدار ٹیچر شنکر نے کہا کہ ملک کے عظیم تہوار کے موقع پر سبھی اپنی خوشی اور مسرت و محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ اس موقع پر بس یہی پیغام ہے کہ ملک کے تہوار کو محبت کے ساتھ منائیں اور کم سے کم ان دوکانوں سے جھنڈے خریدیں۔