ممبئی: شیوسینا شندے گروپ کے سبراہ و سابق وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے نرم بیانی اور پی ایم مودی، امت شاہ پر اعتماد نے بی جے پی کا حوصلہ بڑھایا ہے تو وہیں شندے حامیوں کو مایوس کیا ہے۔ ایکناتھ شندے نے پریس کانفرنس میں بی جے پی کے وزیراعلیٰ کو قبول کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ ایسے میں اب دیویندر فڑنویس کے وزیراعلیٰ بننے کا راستہ صاف نظر آرہا ہے۔
آج وزیرداخلہ امت شاہ مہایوتی کے نو منتخب تمام ارکان اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کریں گے جس میں شیوسینا شندے گروپ کے ایکناتھ شندے، بی جے پی کے دیویندر فڑنویس اور این سی پی سے اجیت پوار بھی میٹنگ میں شامل رہیں گے۔
میٹنگ میں امت شاہ سب کی رائے لینے کے بعد وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کر سکتے ہیں۔
ایکناتھ شندے کی کل ہوئی پریس کانفرنس کے بعد اب امت شاہ کے لیے یہ میٹنگ اتنی مشکل نہیں رہی کیونکہ شندے نے بی جے پی کے وزیراعلیٰ کو قبول کرنے کی بات کہہ دی ہے۔
اب دیکھنا یہ ہوگا کہ بی جے پی فڑنویس کو وزیراعلیٰ بناتی ہے یا راجستھان اور مدھیہ پردیش کی طرح کسی نئے چہرے کو آگے کرتی ہے۔ اس امکان سے اس لیے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ پی ایم مودی ایسے فیصلے لینے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: