مالیگاؤں: مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں ہندو تنظیم بارہ بلوتیدار فاؤنڈیشن کی جانب سے 20 امام و موذٔن کو عمرہ کی سعادت پر روانہ کرنے کیلئے ڈائمنڈ لانس میں قرعہ اندازی تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سیکرٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے انجام دی۔
شہر کی سیاسی، سماجی و ملی شخصیات نے اس تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس دوران قرعہ اندازی کے ذریعے 330 درخواستوں میں سے 10 ائمہ اور 10 موذنین کو عمرہ کی سعادت پر روانہ کرنے کے لیے انتخاب کیا گیا۔
اس موقعے پر رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے بارہ بلوتیدار متر منڈل کے صدر بنڈو کاکا بچھاؤ کی سرہانہ کرتے ہوئے کہا کہ بنڈو کاکا بچھاؤ نے نفرت کے اس ماحول میں اس کام کے ذریعے پورے بھارت کو گنگا جمنی تہذیب اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنڈو کاکا بچھاؤ اپنے کاروبار کی حلال کمائی سے امام و موذن کو عمرہ کیلئے روانہ کررہے ہیں اور عمرہ کا یہ سفر بلکل جائز ہے، اس میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے۔
اس درمیان بارہ بلوتیدار متر منڈل کے صدر بنڈو کاکا بچھاؤ نے کہا کہ سب کا مالک ایک ہے اور یہاں جو بھی ہوتا ہے وہ مالک کی مرضی سے ہوتا ہے۔ اس کی مرضی کے بغیر کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔ یہ جو عمرہ کا سفر ہونے جارہا ہے یہ بھی مالک کی مرضی سے ہورہا ہے، بس اس نے ذریعہ بارہ بلوتیدار متر منڈل کو بنا دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح سے یہ خیال آیا کہ امام و موذن کو عمرہ کی سعادت پر روانہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ مندر میں کام کرنے والوں کو یاترا پر بھیجے کے دوران شفیق شیخ کی صلاح سے یہ خیال آیا کہ کیونکہ مسجد کی صاف صفائی اور زندگی بھر نماز پڑھنے والے ائمہ و موذنین کو بھی سفر عمرہ پر بھیجا جائے۔