حیدرآباد:تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ بھاری بارش ہوئی۔ اس دوران شدید آندھی اور بجلی گرنے کے واقعات نے کئی مقامات پر تباہی مچا دی۔ اس دوران حیدرآباد میں آندھی اور تیز بارش کے باعث سڑک کنارے درخت گر گئے جس کی وجہ دو افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ تھمائی پلی سے شامیر پیٹ جانے والے راستے پر پیش آیا جہاں ایک درخت کی شاخ بائیک پر سوار ایک شخص پر گر گئی جس سے وہ موقعے پر ہی ہلاک ہو گیا۔ اسی گاڑی پر سوار ایک اور شخص کو شدید چوٹیں آئیں اور مقامی لوگوں نے اسے ای سی آئی ایل کے ایک نجی اسپتال میں پہنچایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ پولیس نے مرنے والوں کی شناخت یادادری ضلع کے بوملا رامارام گاؤں کے ناگیریڈی رام ریڈی (48) اور دھننجیا (45) کے طور پر کی ہے۔
اس کے علاوہ ناگرکول ضلع کے تندور گاؤں میں ایک پولٹری شیڈ پر بجلی گرنے سے چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ وہیں تلکا پلی منڈل میں بھی بجلی گرنے کی وجہ سے ایک شخص انتقال کر گیا۔