مرادآباد: جیل مینوئل کی خلاف ورزی کرنے اور 24 نومبر کو اتر پردیش کے سنبھل میں جامع مسجد کے سروے کے دوران ہوئے تشدد معاملہ میں گرفتار ملزمین سے اپوزیشن سماج وادی پارٹی کے وفد کو ملنے کی اجازت دینے پر جیل کے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (جیل انتظامیہ اور اصلاحاتی خدمات) پی وی راماستری نے دونوں اہلکاروں کی شناخت مراد آباد جیل کے جیلر وکرم سنگھ یادو اور ان کے نائب پروین سنگھ کے طور پر کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ پی پی سنگھ کے خلاف ایک رپورٹ ریاستی حکومت کو کارروائی کے لیے بھیجی گئی ہے کیونکہ وہ گروپ اے کے افسر ہیں۔ راماستری نے کہا کہ یہ کارروائی ڈپٹی انسپکٹر جنرل (جیل) کنتل کشور کی تحقیقات کے بعد کی گئی اور یہ پایا کہ دستور کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔