نئی دہلی: ہندو مذہب میں بھائی اور بہن کا تہوار رکھشا بندھن آج ملک بھر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اسی خوشی کے موقع پر ہفتہ کو پیرس سے بھارت واپس آنے والی پہلوان ونیش پھوگٹ نے بھی اپنے بھائی کے ساتھ رکھشا بندھن کا تہوار منایا۔
اس تہوار کے مناسب سے ونیش کے بھائی نے اپنی بہن کو آشیرواد دیتے ہوئے 500 روپے کے نوٹوں کا بنڈل بطور تحفہ دیا۔ اس دوران دونوں بہن بھائیوں نے مزے دار گفتگو بھی کی جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں ونیش یہ کہتت ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ یہ نوٹوں کی گڈی ہے، میری عمر تقریباً 30 سال ہے۔ پچھلے سال بھی اس نے مجھے 500 روپے دیے تھے اور اب یہ نوٹوں کی گڈی۔ میرے ہاتھ میں جو رقم ہے وہ اس کی ساری زندگی کی کمائی ہے، جو میرے حصے میں آئی ہے۔ شکریہ بھائیوں اور بہنوں۔
واضح رہے کہ ونیش حال ہی میں اس وقت سرخیوں میں آئی تھیں جب انہیں خواتین کے 50 کلوگرام زمرے کے فائن میچ سے عین قبل 100 گرام زیادہ وزن کی وجہ سے پیرس اولمپکس سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ اس کے بعد انھوں نے مشترکہ سلور میڈل کے لیے کورٹ آف آربٹریشن فار اسپورٹ (CAS) میں اپیل بھی دائر کی، جس کو بھی عدالت نے مسترد کردیا۔