سرینگر (نیو ڈیسک) : ٹی ٹونٹی ورلٹ کے فائنل میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو سات رنوں سے شکست دیکر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024اپنے نام کر دیا۔ بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 177 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر محض 169رنز بنائے۔ بھارت نے 2007میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی تھی اور اب 17برس کے طویل عرصہ بعد پھر سے ٹی ٹونٹی کا خطاب اپنے نام کیا۔ وراٹ کوہلی کو بہترین پاری کھیلنے پر مین آف دی میچ کے خطاب سے نوازا گیا۔ اور جسپریت بمرا نے مین آف دی سیریز کا خطاب اپنے نام کیا۔
بھارت کی شروعات کافی خراب رہی اور جنوبی افریقہ نے پہلے گیند بازی کرتے ہوئے 35رنز پر بھارت کی تین وکٹیں چٹخائیں۔ ورلٹ کپ فائنل، جو کہ بارباڈوس (ویسٹ اینڈیز) میں کھیلا جا رہا ہے، کا ٹاس روہت شرما نے جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان روہت شرما نے دو چوکوں سے اچھی شروعات کی تاہم ٹیم انڈیا کے کپتان نو رن کے مجموعی اسکور کے بعد مہاراج کی گیند پر کلاسن کو کیچ دے بیٹھے۔
روہت شرما کے بعد کریز پر بلے بازی کرنے اترے رشبھ پنت بغیر کھاتہ کھولے ہی واپس پویلین لوٹ آئے۔ مہاراج کی گیند پر پنت، جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر ڈی کاک کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کے بعد سوریہ کمار یادو کریز پر اترے اور محض چار گیندوں کا سامنہ کرکے تین رنز بنائے اور وہ بھی پویلین لوٹ آئے۔ ان کا وکٹ رباڈا نے لیا۔
ٹیم انڈیا کی بلے بازی شروعات میں کافی خراب رہی اور محض 34رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ کریز پر وراٹ کوہلی اور اکشر پٹیل کے مابین اچھی شراکت کے سبب بھارت نے تیرہ اوورز میں 98رنز بنائے۔ چودہویں اوور کی پہلی گیند پر ہی اکشر پٹیل نے چھکہ مار کر 100رنز کا ہندسہ پار کیا، تاہم وکٹ کیپر ڈی کاک کے بہترین تھرو کے باعث اکشر پٹیل رن آؤٹ ہو گئے۔ اکشر پٹیل 106کے مجموعی اور 47کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے چار چھکوں کی مدد سے محض 31گیندوں پر 47رنز بنائے۔