حیدرآباد: جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز مورنے مورکل بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے بولنگ کوچ ہوں گے اور ان کی مدت ملازمت یکم ستمبر سے شروع ہوگی۔ اس وقت ٹیم انڈیا کے عارضی بولنگ کوچ سائی بہوتولے ہیں۔ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے معاون عملے میں ابھیشیک نائر اور نیدرلینڈ کے سابق کھلاڑی ریان ٹین ڈیسکاتھے شامل ہیں۔
بورڈ فار کنٹرول آف کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ جے شاہ نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ مورنے مورکل کو بھارتی مردوں کی ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مورنے مورکل بھارتی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے ساتھ 2022 میں لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ تھے، اس تقرری کے بعد مورکل ایل ایس جی سپورٹ اسٹاف کا حصہ نہیں ہوں گے کیونکہ آئی پی ایل کے قوانین کے مطابق قومی ٹیم سے وابستہ کوئی بھی کوچ کسی بھی فرنچائز کا حصہ نہیں بن سکتا۔