کولکاتا: ہندوستانی کرکٹ کے مایہ ناز سلامی بلے باز اور سابق کپتان سورو گنگولی آج اپنی 52 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ 8 جولائی 1972 کو کولکاتا میں پیدا ہونے والے سورو گنگولی نے کرکٹ میں بہت شہرت حاصل کی اور ہندوستانی کرکٹ کو ایک نئی حیثیت دی۔ہندوستانی کرکٹ کے کامیاب کپتانوں میں سے ایک سورو گنگولی کو شائقین کرکٹ دادا اور پرنس آف کولکاتا بھی کہتے ہیں۔ ملک بھر میں دادا کے مداحوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔
بی سی سی آئی نے مبارکباد دی
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے سابق کپتان سورو گنگولی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔ مبارکباد دیتے ہوئے بی سی سی آئی نے لکھاکہ سابق ہندوستانی کپتان اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سورو گنگولی کو سالگرہ مبارک۔ اس کے ساتھ ہی بی سی سی آئی نے گنگولی کے بہترین اعداد و شمار بھی پیش کئے۔
سورو گنگولی کے انٹرنیشنل کرکٹ کی بات کریں تو انہوں نے 424 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 18575 رنز بنائے ہیں جس میں 35 سنچریاں شامل ہیں۔ گنگولی نے صرف ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلے ہیں کیونکہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے وجود میں آنے سے پہلے ہی ریٹائر ہو چکے تھے۔