حیدرآباد: انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بدھ کو کہا کہ دائیں ہاتھ کے آف اسپنر شعیب بشیر کو بھارت کا ویزا مل گیا ہے اور وہ اس ہفتے کے آخر میں انگلینڈ کی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کرکٹ نے ویزا جاری ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل ویزا نہ ملنے کی وجہ سے بشیر کو دبئی سے انگلینڈ واپس آنا پڑا تھا۔ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والا یہ نوجوان کرکٹر بھارت کے خلاف ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والا تھا لیکن اس کے سفری کاغذات میں کچھ کمی کے باعث بھارت کی جانب سے ویزا جاری نہ ہو سکا تھا۔
جس کے بعد ایک بڑا تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے بھی اس پر اپنی ناخوشی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ نوجوان کھلاڑی کے لیے بہت ہی مایوس کن لمحہ ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اس تنازعہ کو بھارت پاکستان تعلقات سے جوڑ رہے تھے، جس کے بعد برطانوی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ویزا کے عمل میں برطانوی شہریوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کرے گا۔