نئی دہلی: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اولمپک ای اسپورٹس گیمز کے قیام کے ساتھ ایک نئے دور میں داخل ہو گیا ہے، جس کا پہلا ایڈیشن 2025 میں سعودی عرب میں منعقد ہو رہا ہے، کیونکہ آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے متفقہ طور پر اس تجویز کی توثیق کی تھی۔
عالمی سطح پر ای اسپورٹس گیمز کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (IOC) نے اولمپک ای اسپورٹس گیمز کے افتتاحی ایڈیشن کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی قومی اولمپک کمیٹی کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
یو این آئی ای اسپورٹ ٹیک کے بانی اور ایف ای اے آئی (فیڈریشن آف ای اسپورٹس ایسوسی ایشن انڈیا) کے بانی رکن ابھیشیک اسر نے کہا کہ آج ہر ملک ای اسپورٹس کو اولمپک تمغے جیتنے کے موقع کے طور پر دیکھے گا، یہ اقدام مستقبل میں گیم چینجر ثابٹ ہوگا۔
اس موقع پر امریکہ میں سعودی عرب کے سفارت خانہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی کنگ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب کو 2025 میں پہلی بار اولمپک ای اسپورٹس گیمز کے میزبانی کرنا قابل فخر ہے، یہ تاریخی کامیابی اسپورٹس میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتی ہے اور ہم دنیا کو اس اہم ایونٹ میں خوش آمدید کہنے کا مزید انتظار نہیں کر سکتے۔
قابل ذکر ہے کہ 2021 اور 2022 کے درمیان ای اسپورٹس کے زمرے میں کھلاڑیوں کی تعداد چار گنا (150,000 سے 600,000 تک) بڑھ گئی ہے اور ایک اندازے کے مطابق یہ تعداد 2027 کے آخر تک 1.5 ملین تک پہنچ جائے گی۔