احمد آباد: آئی پی ایل 2024 کا کوالیفائر-1 آج کولکاتا نائٹ رائڈرز اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان نریندر مودی اسٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں لیگ کی طاقتور ٹیموں میں شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے۔
لیکن آئی پی ایل پلے آف کے کوالیفائر ون جیسے بڑے میچ میں کولکاتا نائٹ رائڈرز کو اپنے اوپننگ بلے باز فل سالٹ کی کمی محسوس ہوگی۔ جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اپنی ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے اپنے ملک واپس آچکے ہیں۔
کولکاتا نائٹ رائڈرز کو آج کے میچ میں دائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے باز فل سالٹ کی کمی یقینی طور پر محسوس ہوگی۔ کے کے آر کی اوپننگ جوڑی فل سالٹ (435 رن) اور سنیل نارائن (461 رن) نے اس ٹورنامنٹ میں کے کے آر کو دھماکہ خیز آغاز دلانے میں بہت اہم رول ادا کیا۔ سالٹ نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 12 میچوں میں 39.55 کی اوسط اور 182 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 435 رنز بنائے۔