پیرس: اولمپکس کی تاریخ میں چین کے طلائی تمغوں کی تعداد 300 تک پہنچ گئی ہے پیرس اولمپکس کے آغاز سے پہلے چین نے کل 263 طلائی تمغے جیتے تھے۔ لیکن پیرس گیمز میں 40 تمغے جیتنے کے بعد چین کے گولڈ میڈل کی تعداد 303 ہو گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی چین اولمپکس میں 300 گولڈ میڈل کا ہندسہ عبور کرنے والا چوتھا ملک بن گیا۔ سب سے زیادہ 1108 طلائی تمغوں کے ساتھ فہرست میں امریکہ سرفہرست ہے، اس کے بعد سوویت یونین 395 اور برطانیہ 306 گولڈ میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
پیرس اولمپکس میں کس ملک نے بازی ماری؟
پیرس اولمپکس میں امریکہ نے اپنا شاندار مظاہرہ جاری رکھا اور اتوار کو 40 گولڈ میڈلز، 44 سلور اور 42 برونز میڈل سمیت کل 126 تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیلی میں سرفہرست مقام حاصل کیا۔ چین نے بھی مجموعی طور پر 91 تمغے جیتے جس میں 40 گولڈ، 27 چاندی، اور 24 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
تیسرا مقام جاپان نے حاصل کیا جس نے 20 طلائی، 12 چاندی اور 13 کانسی کے تمغے اپنے نام کیے جو کہ کل 45 تمغے بنتے ہیں۔ اس کے بعد چوتھے نمبر پر آسٹریلیا ہے جس نے 18 گولڈ، 19 سلور اور 16 برونز میڈل سمیت کل 53 میڈلز اپنے نام کیے۔ وہیں میزبان ملک فرانس کل 64 تمغوں کے ساتھ پانچویں نمبر ہے جس میں 16 طلائی، 26 چاندی اور 22 کانسے کا تمغہ شامل ہے۔