نئی دہلی: ویمنز پریمیئر لیگ 2024 میں، ممبئی انڈینز کو منگل کو دہلی کیپٹلس کے ہاتھوں 29 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے باوجود ٹیم کی اسٹار گیند باز شبنم اسماعیل نے ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کرکے تاریخ رقم کردی۔ اس میچ میں ممبئی نے جنوبی افریقہ کی سابق فاسٹ بالر اسماعیل کو پلیئنگ 11 میں شامل کیا تھا۔ وہ پہلے کے دو میچوں میں پلیئنگ 11 سے باہر ہو گئی تھیں۔ وقفے کے بعد میدان میں واپس آتے ہوئے انہوں نے ڈبلیو پی ایل کی تاریخ کی تیز ترین گیند کرائی اور یہ گیند خواتین کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین گیند بھی بن گئی ہے۔
- شبنم نے تیز ترین گیند پھینکی:
اس میچ میں شبنم اسماعیل نے خواتین کرکٹ کی اب تک کی تیز ترین گیند کروا کر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں 132.1 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی۔ یہ گیند خواتین کی کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کسی بھی تیز گیند باز کی جانب سے کی گئی سب سے تیز گیند ہے۔ شبنم نے یہ کارنامہ اس میچ کے تیسرے اوور کی دوسری گیند پر انجام دیا۔ اس گیند کا سامنا دہلی کیپٹلز کی کپتان اور سابق آسٹریلوی کرکٹر میگ لیننگ نے کیا۔ یہ گیند لیننگ کے پیڈ پر لگی تھی۔
- اسماعیل نے شعیب اختر کی یاد تازہ کر دی:
اسماعیل نے سال 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سال 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 128 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی تھی۔ اب انہوں نے اپنے ہی ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 132.1 کلومیٹر کی رفتار سے گیند پھینک کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ بھارت کے لیے جھولن گوسوامی نے 128 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کی ہے۔