نئی دہلی: ونیش پھوگٹ کو پیرس اولمپکس 2024 میں اس وقت تنازعہ کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں فائنل میچ سے قبل 50 کلوگرام کیٹیگری سے 100 گرام وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دے دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے کھیلوں کی ثالثی عدلات سی اے ایس سے مشترکہ طور پر چاندی کے تمغے کی اپیل کی۔
اس کیس کی سماعت بھی مکمل ہوچکی ہے لیکن اب سی اے ایس کی جانب سے فیصلہ سنانے کی تاریخ میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ تیسرا موقع ہے جب سی اے ایس نے اپنا فیصلہ سنانے کی تاریخ کو موخر کیا ہے۔ اس کیس کا فیصلہ پہلے 11 اگست کو سنایا جانا تھا جسے 13 اگست تک ملتوی کر دیا گیا اور اب اس کی آخری تاریخ 16 اگست مقرر کی گئی ہے۔
جس کے بعد سوشل میڈیا پر تاریخ پے تاریخ جیسے میمز بھی بننے شروع ہوگئے ہیں کیونکہ لوگ اس فیصلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے۔ وہیں اس معاملے پر ونیش پھوگاٹ کے چچا اور ان کے بچپن کے کوچ مہاویر پھوگاٹ نے اس پر بڑا بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ فیصلہ ان کے حق میں آئے گا۔
ونیش پھوگاٹ کے چچا مہاویر پھوگاٹ نے مزید کہا کہ ہم گزشتہ ایک ہفتے سے فیصلے کا انتظار کر رہے تھے لیکن ہمیں تاریخ پے تاریخ مل رہی ہے۔ پھر بھی ہم سی اے ایس کے فیصلے کا انتظار کریں گے اور اسے قبول بھی کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔ ہم 2028 کے اولمپکس میں گولڈ میڈل کے لیے بھی کوشش کریں گے۔ جب ونیش واپس آئے گی تو ہم گولڈ میڈلسٹ کی طرح اس کا استقبال بھی کریں گے۔