لکھنؤ:ایکانا کی مشکل پچ پر لکھنؤ کی طرح ممبئی کے گیند بازوں نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 144 رنز کے چھوٹے اسکور کا دفاع کرنے کی ہمت دکھائی جس کی وجہ سے 45 ہزار شائقین کو گیند اور بلے کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ارشین کلکرنی پہلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اسٹائنس نے کپتان کا بہت اچھا ساتھ دیا اور 45 گیندوں کی اپنی نصف سنچری اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو جدو جہد میں بنائے رکھا اگرچہ ان کی اس کوشش میں کپتان کے ایل راہل اور ہڈا ہی ساتھ دے سکے۔ مڈل آرڈر میں تجربہ کار نکولس پورن (ناٹ آؤٹ 14) نے بعدکے بلے بازوں کی مدد سے ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بلے سے ناکام رہنے والے ممبئی کے کپتان ہاردک پانڈیا نے دو وکٹ لے کر اپنی ٹیم کی جیت کی امیدیں بڑھا دیں لیکن ان کی ٹیم معمولی اسکور بچانے میں ناکام رہی۔اس سے قبل ایشان کشن (32) اور نہال بڈھیرا (46) کی مشکل حالات میں کھیلی گئی کارآمد اننگز کی مدد سے ممبئی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 48ویں میچ میں منگل کو میزبان لکھنؤ کے خلاف سات وکٹ پر 144 رن بنائے۔
اکانا اسٹیڈیم میں ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے آئی ممبئی کی شروعات اس وقت مایوس کن رہی جب پہلے پاور پلے میں لکھنؤ کے گیند بازوں نے روہت شرما (4)، سوریہ کمار یادو (10)، تلک ورما (7) اور کپتان ہاردک پانڈیا (0) کے وکٹ سستے میں سمیٹ دیئے اور چھ اوور کے بعد ممبئی کاا سکور چار وکٹوں پر 28 رن ہوگیا۔