کولکاتا:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سلامی بلے باز گوتم گمبھیر کی کولکاتا واپسی کے بعد کے کے آر ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔رواں آئی پی ایل میں کے کے آر پہلی پوزیشن پر رہتے ہوئے پلے آف میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بنی۔ کولکاتا میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران ان کے ایک پرستار نے انہیں وہاں (کے کے آر) سے نہ جانے کی التجا شروع کر دی۔
کولکاتا نائٹ رائڈرز کے لیے دو بار کپتان کی حیثیت سے ٹرافی جیتنے والے گوتم گمبھیر کا کے کے آر کے شائقین کے دلوں میں ایک خاص مقام ہے۔ دو سال کے بعد کولکاتا واپس آنے کے بعد کے کے آر ایک بار پھر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ٹیم اب تک 11 میں سے 8 میچ جیت چکی ہے۔
کولکاتا نائٹ رائڈرز نے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے۔ اس میں کے کے آر کا ایک پرستار کھڑا ہوتا ہے اور بولتے ہوئے رونے لگتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ میں آپ کا بہت بڑا فین ہوں، پھر وہ مزید رونے لگتا ہے اور کہتا ہے کہ میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے چھوڑ کر مت جانا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے جانے سے ہمیں جو تکلیف ہوئی ہے ہم آپ کو بیان نہیں کر سکتے۔