لکھنؤ: آج کا میچ لکھنؤ کے لیے بہت اہم ثابت ہوگا جب ان کا مقابلہ آئی پی ایل میں سب سے مضبوط سمجھی جانے والی چنئی کی ٹیم سے ہوگا۔ ممبئی انڈینز (ایم آئی) کو ان کےگھر پر شکست دینے کے بعد چنئی کے حوصلے بلند ہیں۔
چنئی اب تک کھیلے گئے چھ میں سے چار میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ لکھنؤ نے اتنے ہی میچوں میں سے تین جیتے ہیں اور تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اگر لکھنؤ کل کا میچ جیت جاتی ہے تو نہ صرف چنئی کو پیچھے چھوڑ دے گی بلکہ دوسرے میچوں پر اس کا نفسیاتی اثر ہونا یقینی ہے۔
گزشتہ سیزن میں اس گراؤنڈ پر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہو گیا تھا۔ ایل ایس جی میں کے ایل راہل، کوئنٹن ڈی کاک اور نکولس پورن جیسے بلے باز موجود ہیں جو کسی بھی گیند بازی اٹیک کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کے ایل راہل کے بلے نے اب تک توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی ہے لیکن چنئی کے خلاف ان کا ریکارڈ شاندار ہے، اس لیے کل کے میچ میں ان سے کافی توقعات وابستہ ہیں۔ راہل کا بہترین اسکور بھی چنئی کے خلاف 98 ناٹ آؤٹ ہے۔