نیویارک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے تیسرے میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے امریکہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹاس ہارنے کے بعد امریکہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 110 رن بنائے جس کے جواب میں ہندوستان نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے بھی سپر-8 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پہلے بیٹنگ کرنے آئے یو ایس اے کو پہلی ہی گیند پر بڑا دھچکا لگا۔ اوپنر شایان جہانگیر کو میچ کی پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد اسی اوور کی آخری گیند پر امریکہ کو دوسرا دھچکا لگا جب آندریس گوس ہاردک پانڈیا کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس کے علاوہ ارشدیپ سنگھ نے نتیش کمار اور ہرمپریت کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
امریکہ کی جانب سے نتیش کمار نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ اسٹیون ٹیلر نے 30 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔ کورے اینڈرسن نے 12 گیندوں پر 15 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے بالنگ میں تباہی مچائی اور 4 اوورز میں 9 رنز دے کر 4 وکٹ حاصل کئے۔ اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے بھی 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 2 اہم وکٹ حاصل کئے۔