ہرارے: ٹیم انڈیا نے زمبابوے کو پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 42 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 4-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔ 168 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے زمبابوے کی پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 125 رنز پر ہی سمٹ گئی۔ زمبابوے کی جانب سے مارومانی 27، میئرس 34 اور فراز اکرام نے 27 رنز بنا کر سب سے نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے مکیش کمار نے سب سے زیادہ چار وکٹ حاصل کیے جبکہ شیوم دوبے نے دو اور ابھیشیک شرما، تشار دیش پانڈے اور سندر کو ایک ایک وکٹ ملا۔
اس سے پہلے زمبابوے کے خلاف ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور زمبابوے کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز سنجو سیمسن تھے جنہوں نے 58 رنز بنائے۔ سنجو سیمسن نے اپنی اننگز کے دوران 45 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکا اور چار چھکے لگائے۔