نئی دہلی: بنگلہ دیش کے خلاف 6 اکتوبر سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے ہفتے کی رات دیر گئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کرکے ٹیم انڈیا کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ بھارت کے تیز گیند باز مینک یادو کو ٹیم انڈیا کے لیے پہلی بار چنا گیا ہے۔ اس ٹیم کی کپتانی سوریہ کمار یادو کو دی گئی ہے۔
میچ کب اور کہاں کھیلے جائیں گے:
بھارتی سلیکٹرز نے بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھارت کے 15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔ یہ سیریز ٹیسٹ سیریز کے بعد شروع ہوگی۔ اس سیریز کے تینوں میچ بالترتیب 6، 9 اور 12 اکتوبر کو گوالیر، نئی دہلی اور حیدرآباد میں کھیلے جائیں گے۔
اس سیریز میں ہاردک پانڈیا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا حصہ نہیں تھے۔ ساتھ ہی مینک یادو کو پہلی بار ٹیم انڈیا میں شامل کیا گیا ہے۔ وہیں کے کے آر کے اسٹار اسپنر ورون چکرورتی کو بھارتی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ ساتھ ہی نتیش کمار ریڈی، ہرشت رانا کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ یہ دونوں پہلے بھی ٹیم میں شامل ہو چکے ہیں لیکن انہیں ابھی تک بھارت کے لیے ڈیبیو کا موقع نہیں ملا ہے۔ اس ٹی ٹوئنٹی سیریز میں رشبھ پنت، جسپریت بمراہ، محمد سراج، یشسوی جیسوال اور شبمن گل کو آرام دیا گیا ہے۔