کانپور: بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلا جائے گا۔ بھارت نے اس سیریز کا پہلا میچ جیت کر ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
بی سی سی آئی نے کانپور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ جیسے ہی پہلے میچ کا نتیجہ آیا ویسے ہی بی سی سی آئی نے ٹیم کا اعلان کر دیا۔
بی سی سی آئی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر پوسٹ کیا کہ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم اسی اسکواڈ کے ساتھ کانپور روانہ ہوگی، جو پہلے ٹیسٹ میں تھی۔
اس اعلان کے ساتھ ہی بی سی سی آئی نے ان تمام قیاس آرائیوں کو بھی ختم کر دیا ہے جس میں کہا جا رہا تھا کہ ہاردک پانڈیا اور ایسان کشن دوسرے ٹیسٹ میچ میں واپسی کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے چنئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 280 رنوں سے شکست دے دی ہے، اس میچ میں بھارت نے تین تیز اور دو اسپن گیند بازوں کے ساتھ میدان میں اترا تھا۔