نئی دہلی:انگلینڈ کی ٹیم نے ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اب انگلینڈ کی ٹیم 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے آگے ہے۔ حیران کن بات یہ تھی کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 500 پلس اسکور کیا تھا۔پاکستان کے نام ایک انتہائی برا ریکارڈ بھی شامل ہو گیا ہے۔ پاکستان ایک ایسی ٹیم بن گئی ہے جو پہلی اننگز میں 500 سے زائد رنز بنانے کے بعد بھی ایک اننگز سے مقابلہ ہار گئی ہے۔
پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 500 پلس اسکور کیے، اس کے باوجود اسے میچ کے پانچویں دن ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری اننگز میں پاکستان ٹیم نے انگلش بولرز کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے اپنی اننگز 823/7 پر ڈکلیئر کر دی۔ جو ٹیسٹ کی تاریخ میں ایک اننگز کا چوتھا سب سے بڑا سکور تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے تھے۔