وشاکھاپٹنم: انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ٹیم کو یقین تھا کہ وہ چوتھی اننگز میں انہیں دیا گیا 399 رن کا ہدف حاصل کر سکتی ہے۔ اسٹوکس نے میچ کے بعد ایوارڈ تقریب میں کہا، “چوتھی اننگز میں ہدف کو دیکھتے ہوئے ہمیں یقین تھا کہ ہم یہ ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔ جب آپ کے سامنے کوئی بڑا ہدف ہوتا ہے، اسکور بورڈ کا دباؤ ہوتا ہے، تو یہ وہ موقع ہوتا ہے جب آپ خود کو ایک فرد کے طور پر بھی ثابت کرسکتے ہیں۔ جس طرح سے ہم نے بھارتی گیند بازوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی وہ واقعی بہترین تھا۔ بدقسمتی سے نتیجہ ہمارے حق میں نہیں نکلا۔ بھارت کو مبارک ہو، انہوں نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ایسا کوئی مشورہ نہیں دیا گیا تھا کہ انہیں کیسے کھیلنا ہے۔ ڈریسنگ روم میں موجود ہر کوئی ایک بہترین کھلاڑی ہے اور وہ جانتا ہے کہ کس طرح اپنی بہترین کارکردگی دکھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی بولنگ اٹیک کو بتانا چاہتے تھے کہ ہم اسی طرح کے ارادے سے کرکٹ کھیلنے والے ہیں۔ ہم انہیں مستحکم نہیں ہونا دینا چاہتے تھے۔ میں جانتا ہوں کہ اس کا کریڈٹ روہت شرما کو جاتا ہے، جس طرح انہوں نے ٹیم کی قیادت کی۔ جس طرح سے ہم نے دباؤ میں کرکٹ کھیلی میں اس سے بہت خوش ہوں۔