ممبئی: کرکٹ کی تاریخ میں شاذ و نادر ہی کسی گیند باز نے ایک اننگ میں تمام 10 وکٹیں حاصل کی ہوں گی۔ ایسا کارنامہ بین الاقوامی کرکٹ میں صرف تین بار ہی ہوا ہے۔ انگلینڈ کے عظیم باؤلر جم لیکر، سابق ہندوستانی کپتان انیل کمبلے اور نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ تینوں کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
اب ممبئی کی کانگا نامی لیگ میں ایک گیندباز نے ایک اننگ میں 10 وکٹیں حاصل کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔ اس گیندباز کا نام شعیب خان ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر شعیب کانگا لیگ ای ڈویژن میں گوڑ سرسوات کرکٹ کلب (گاڈ سرسوات سی سی) کے لیے کھیل رہے تھے۔ گورنمنٹ لاء کالج کی پچ پر شعیب نے بغیر کسی وقفے کے مسلسل 17.4 اوورز کرائے اور جولی کرکٹرز کے تمام 10 بلے بازوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
شعیب خان کی خطرناک گیندبازی کی وجہ سے جولی کرکٹرز کی پوری ٹیم صرف 67 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں گور سرسوات نے انکور دلیپ کمار سنگھ کے ناٹ آوٹ 27 رنز کی بدولت چھ وکٹوں پر 69 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ اس کے بعد جولی کرکٹرز نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 36 رنز بنائے۔ گوڑ سرسوات نے پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔