لندن: انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان لارڈز میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے تاریخ رقم کردی۔ اسٹوکس ٹیسٹ کرکٹ میں 6000 رنز اور 200 وکٹ مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے کرکٹر بن گئے ہیں۔ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے اور بڑی جیت کی طرف گامزن ہے۔
انگلینڈ کے اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے لارڈز میں تاریخ رقم کردی۔ انگلینڈ کے تجربہ کار بالر جیمز اینڈرسن کا یہ آخری ٹیسٹ میچ ہے لیکن اس میچ میں انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان سٹوکس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 250 رنز سے پیچھے رہنے کے بعد ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی خراب رہا۔
ٹیسٹ میں 6000 رنز اور 200 وکٹ لینے والے تیسرے کرکٹر
انگلینڈ کے دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز بین اسٹوکس نے ویسٹ انڈیز کے بائیں ہاتھ کے بلے باز کرک میکنزی کو 11.3 اوورز میں صفر کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ویسٹ انڈیز کا اسکور (17/2) تک کم کردیا۔
اس وکٹ کے ساتھ ہی اسٹوکس نے اپنی 200 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرلیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 200 وکٹ اور 6000 رنز بنانے والے دنیا کے تیسرے کرکٹر بن گئے۔